کراچی: بدترین لوڈشیڈنگ، اضافی بلنگ اور کے الیکٹرک کے مظالم کے خلاف مہاجر قومی موومنٹ نے جدوجہد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق مہاجر قومی موومنٹ نے ایم کیو ایم، ن لیگ، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی سمیت تاجر و وکلاء برادری سے رابطہ شروع کردیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مہاجر قومی موومنٹ نے یکم جولائی کو تمام جماعتوں پر مشتمل کے الیکٹرک کے خلاف پریس کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے چیئرمین ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول سے رابطہ کیا جب کہ مہاجر قومی موومنٹ کے وفد بت ایم کیو ایم کے مرکز پہنچ کر انیس قائم خانی سے ملاقات کی۔
اس دوران مہاجر قومی موومنٹ نے یکم جولائی کو کے الیکٹرک کے خلاف بلائی جانے والی پریس کانفرنس میں ایم کیو ایم کو شرکت کی دعوت دی۔
علاوہ ازیں مہاجر قومی موومنٹ نے نہال ہاشمی، نثار کھوڑو اور راشد سومرو سے بھی رابطہ کرکے شرکت کی دعوت دی۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ یکم جولائی کو ہونے والی پریس کانفرنس میں عوامی مسئلے پر یکجہتی کے اظہار کے لیے مشترکہ قرارداد لائی جائے گی، باہمی مشاورت سے تمام جماعتوں کی نمائندگی کے ساتھ ایکشن کمیٹی کے قیام اور مشترکہ جدوجہد پر اتفاق کیا جائے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں پر پانچ سال کے لیے جی ایس ٹی اور انکم ٹیکس ختم کرنے کا مطالبہ رکھا جائے گا، وفاق پر کے الیکٹرک کو لائن لاسسز پر قابو پا کر لوڈشیڈنگ بند کرنے کے لیے زور ڈالا جائے گا۔



















