Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ہم نے نئے مالی سال کے بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے نئے مالی سال کے بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ینگ پارلیمنٹیرینز کے وفد کی پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی۔

وفد میں اراکین قومی اسمبلی راجہ اسامہ سرور، بیرسٹر عقیل ملک، بیرسٹر دانیال چوہدری ، احمد عتیق انور، نوشین افتخار، رانا ارادت شریف خان، محمد عثمان اویسی ، عمار احمد خان لغاری، ڈاکٹر شائستہ خان، زینب بلوچ، سعد وسیم اور شاہد عثمان شامل تھے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو عوام کی خدمت کا موقع فراہم کیا ہے، امید ہے آپ ملک کی ترقی و خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے دن رات کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے نئے مالی سال کے بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے ہیں، قابل طلباء کو حکومت کی طرف سے لیپ ٹاپس فراہم کئے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بجٹ میں آئی ٹی کے شعبے کے فروغ کے لئے تقریباً 100 ارب کے فنڈز رکھے گئے ہیں جو کہ تاریخی قدم ہے، اسکلز ڈیویلپمنٹ اور کھیلوں کے شعبے کے لئے بھی تاریخی فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو روزگار کے بھرپور مواقع فراہم کرنے اور ان کی اسکلز ڈویلپمنٹ کے لئے بہت سے منصوبوں پر کام کر رہی ہے، حکومتی اداروں میں اصلاحات اور ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری حکومت کی ترجیحات ہیں جن سے ملکی خزانے پر بوجھ کم کیا جا سکے گا۔

وزیراعظم کے مطابق پاکستان فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے ہوا ہے۔

ملاقات میں متعلقہ حلقوں کے امور اور ملک کی مجموعی و سیاسی صورت حال پر بھی بات چیت ہوئی۔

متعلقہ خبریں