Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

قومی اسمبلی نے مالی سال 25-2024 کے بجٹ کی منظوری دے دی 

قومی اسمبلی نے مالی سال 25-2024 کے وفاقی بجٹ کی منظوری دے دی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت جاری ہے جس میں مالی سال 25-2024 کے لیے  ہزار 887  ارب روپے کا وفاقی بجٹ منظور کرلیا گیا۔

بجٹ کی منظوری کے دوران وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری بھی ایوان میں موجود تھے، وفاقی بجٹ کی منظوری کے بعد حکومتی ارکان نے ڈیسک بجاکر وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کو مبارکباد دی۔

اپوزیشن نے بجٹ کو آئی ایم ایف کا تیار کردہ اور عوام دشمن قرار دیتے ہوئے مخالفت کی اور بجٹ کی منظوری کے دوران اپوزیشن ارکان نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔

پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی میں کمی کے لیے پیپلزپارٹی نے ترامیم واپس لے لیں، اپوزیشن کی تمام ترامیم ایوان نے مسترد کردیں جس پر اپوزیشن نے رائے شماری کرانے کا مطالبہ بھی کیا، جسے رد کردیا گیا۔

یاد رہے کہ 12 جون کو وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی میں مالی سال 25-2024 کا بجٹ پیش کیا تھا، جس کے بعد وفاقی کابینہ نے بجٹ کی منظوری دے دی تھی۔

تاہم اپوزیشن سمیت حکومتی اتحادی جماعتوں پاکستان پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے بجٹ پر شدید تنقید کی تھی، پیپلزپارٹی نے اعلان کیا کہ وہ تمام ترتحفظات کے باجود بجٹ کے حق میں ووٹ دیں گے۔

قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث کے دوران پیپلزپارٹی سمیت مختلف جماعتوں کی جانب سے متعدد تجاویز دی گئیں، جب کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی جانب سے بھی بجٹ پر متعدد تجاویز دی گئی۔

 

بعد ازاں، وفاقی وزیر خزانہ نے چند روز قبل قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اپنی تقریر میں فنانس بل میں کی گئی ترامیم پیش کیں۔

متعلقہ خبریں