رکن پنجاب اسمبلی رانا آفتاب احمد خان کا کہنا ہے کہ حکومت فارم 47 کی پیداوار ہے اور اسپیکر کا رویہ جابرانہ وآمرانہ ہے۔
سنی اتحاد کونسل کے رکن صوبائی اسمبلی رانا آفتاب احمد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت فارم 47 کی پیداوار ہے اور ان کا روئیہ آمرانہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوری روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ہمارے 5 اراکین ایوان میں گئے، تلاوت اور نعت کے بعد جب میں کھڑا ہوا تو حکومتی اراکین کی جانب سے شور شرابہ شروع کر دیا گیا۔
اس دوران اسپیکر پنجاب اسمبلی اپنی کرسی پر بیٹھے چسکے لے رہے تھے، فارم 47 والوں کی جانب سے بدمعاشی کی گئی، جس دن ہمارا قائد باہر آ جائے گا یہ اسمبلی نہیں رہے گی اور الیکشن ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلی اسٹاف اور پولیس بھی یہ بات سمجھ لے، آج اسپیکر کا روئیہ جابرانہ، آمرانہ تھا، اسپیکر کی جانب سے گلوٹین کا قانون لاگو کرکے اجلاس بلایا جا رہا ہے جو کہ غیر قانونی ہے۔



















