امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ آپریشن عزم استحکام ملک، عوام اور فوج کے لیے نقصان دہ ہوگا۔
جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی کسی صورت نہیں ہونی چاہیے لیکن لڑائی کسی صورت مسائل کا حل نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان، چین، ایران خطے میں امن کے لیے بات چیت کریں، یہ چاروں ممالک، وسط ایشیائی ریاستوں اور روس کو ملاکر خطے میں امن، ترقی کے لیے بلاک بن سکتا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ یہ تاثر نہیں دیا جانا چاہیے کہ یہ آپریشن چین کے کہنے پر ہورہا ہے، افغانستان اور چین کے تعلقات بہتر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان سے مذاکرات اور تعلقات میں مثبت پیش رفت کی حمایت کریں گے، جماعت اسلامی افغانستان سے تعلقات میں پیش قدمی میں معاونت کے لیے تیار ہے۔
واضح رہے کہ 23 جون کو وزیر اعظم نے نیشنل ایکشن پلان پر مرکزی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں آپریشن ’عزم استحکام‘ کے آغاز کے ذریعے انسداد دہشت گردی کی قومی مہم کو دوبارہ متحرک اور دوبارہ متحرک کرنے کی منظوری دے دی تھی۔


















