Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پارٹی کو مشکل وقت میں چھوڑنے والوں کیلئے پی ٹی آئی کا بڑا اعلان

پارٹی کو مشکل وقت میں چھوڑنے والوں کیلئے پاکستان تحریک انصاف نے بڑا اعلان کر دیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنما رؤف حسن نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کے جنرل سیکریٹری عمرایوب نے اپنے استعفے میں وجوہات بیان کی ہیں کہ وہ 2 عہدے نہیں رکھ سکتے لیکن عمر ایوب کے استعفے سے متعلق جو بھی فیصلہ ہو گا وہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی خود فیصلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے سختی سے کہا تھا کہ پارٹی میں کوئی گروپنگ نہیں ہونی چاہیے اور پارٹی میں کوئی گروپنگ نہیں ہے، گروپنگ کے حوالے سے چلنے والی تمام خبروں کی تردید کرتے ہیں۔ میری پارٹی کے ساتھ جو ایسوسی ایشن ہے وہ ساری دنیا کو پتہ ہے۔

رؤف حسن نے کہا کہ فواد چوہدری جیسے لوگ چھوٹے ہیں، ہم ان جیسے چھوٹے نہیں ہو سکتے، فواد چوہدری سراسر جھوٹ بول رہے ہیں، پی ٹی آئی کی طرف سے بڑا واضح ہے جنہوں نے پارٹی کو مشکل وقت میں چھوڑا تھا ان کیلئے تحریک انصاف میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ  پارٹی مذاکرات پر یقین رکھتی ہے اور ہم چاہتے ہیں مذاکرات ہوں لیکن مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم سے کسی قسم کی کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔ محمود خان اچکزئی کسی کو خود سے انگیج کرنا چاہتے ہیں تو ضرور کریں۔

انہوں نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو 4 کیسز میں سزا ہوئی تھی جن میں سے 3 میں ضمانت ہوچکی ہے، ہم پر امید ہیں کہ عدت کے کیس میں ہمیں ہائیکورٹ سے جلد ریلیف ملے گا۔

پروگرام کے دوران رؤف حسن نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ شیرافضل مروت پارٹی کے ممبر ہیں، میں ان کے ٹوئٹ سے اتفاق نہیں کرتا۔

متعلقہ خبریں