اسلام آباد: وفاقی حکومت نے 5 سالہ پلان کے تحت آبادی بڑھنے کی رفتار کم کرنے کے اہداف مقرر کردیئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق آبادی میں اضافے کی سالانہ شرح کو 2030 تک 1.1 فیصد تک کم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ ملکی آبادی بڑھنے کی شرح 2023 کی آخری مردم شماری کے مطابق 2.55 فیصد تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مجموعی شرح پیدائش کو 2030 تک 2.2 فیصد تک کم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ مالی سال 2024 میں مجموعی شرح پیدائش کی شرح 3.32 فیصد تھی۔
اس کے علاوہ دانستہ مانع حمل روکنےکی شرح کو2030 تک 60 فیصد تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا ہے جبکہ مالی سال 2024 میں دانستہ مانع حمل روکنے کی شرح 39.36 فیصد تھی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ جدید طریقے نہ اپنانے کے نتیجے میں پاکستان میں سالانہ 25 لاکھ دانستہ اسقاط حمل کی نشاندہی کی گئی ہے جبکہ پاکستان کی آبادی 2023 کی مردم شماری کے مطابق 24 کروڑ 14 لاکھ 90 ہزار پر پہنچ گئی تھی۔



















