حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر کا 25 واں یوم شہادت آج منایا جارہا ہے، پاکستان کی مسلح افواج نے حوالدار لالک جان شہید کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور مسلح افواج کے سربراہوں کی جانب سے شہید حوالدار لالک جان کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 25 برس قبل حوالدار لالک جان نے جرأت وبہادری کا مظاہرہ کیا، لالک جان نے کارگل جنگ میں فرض کی ادائیگی کے دوران جان کا نذرانہ پیش کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق حوالدار لالک جان شہید کی لازوال قربانی بہادر سپاہیوں کے لیے مشعل راہ ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا کہ اعلیٰ ترین اعزاز وطن کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو عطا کیا جاتا ہے، قوم وطن کے لیے جان دینے والے بہادر شہداء کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔
ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ دفاع وطن کے لیے قربانی دینے والے ہیروز کی یاد ہمیشہ تازہ رہے گی۔














