اسلام آباد: حکومت نے ماہانہ 200 یونٹ تک صارفین کے لیے بجلی کی قیمت بڑھانے کا فیصلہ واپس لینے کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق ماہانہ 200 یونٹ کے پروٹیکٹڈ، نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے ٹیرف میں اضافہ واپس لینے کی منظوری دے دی گئی ہے، تاہم ہنگامی بنیادوں پر سرکولیشن سمری کی وفاقی کابینہ سے منظوری لی گئی۔
جولائی تا ستمبر 2024 کے لیے ماہانہ 200 یونٹ تک والے صارفین کو ریلیف دیا جائے گا، وفاقی حکومت ٹیرف پر ریلیف دینے کے لیے تقریباً 50 ارب روپے کی سبسڈی دے گی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی کابینہ نے بجلی کے فی یونٹ بنیادی ٹیرف میں7 روپے 12 پیسے تک اضافہ منظور کیا تھا، اس سے قبل کابینہ نے 200 یونٹ تک پروٹیکٹڈ، نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے اضافہ منظور کیا تھا۔
علاوہ ازیں ایک سے 100 یونٹ تک پروٹیکٹڈ صارفین کے ٹیرف میں 3.95 روپے اضافہ منظور کیا گیا تھا، ماہانہ 101 سے 200 یونٹ تک پروٹیکٹڈ صارفین کا ٹیرف 4.10 روپے بڑھانے کی منظوری دی گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ماہانہ ایک سے 100 یونٹ نان پروٹیکٹڈ صارفین کے ٹیرف میں 7.11روپے اضافہ منظور کیا گیا تھا جبکہ ماہانہ 101 سے 200 یونٹ نان پروٹیکٹڈ صارفین کے ٹیرف میں 7.12 روپے اضافہ منظور کیا گیا تھا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2024 سے کرنے کی تجویز ہے، ماہانہ 50 یونٹ تک لائف لائن صارفین کے لیے فی یونٹ ٹیرف 3.95 روپے برقرار رہے گا جبکہ ماہانہ 51 سے 100 یونٹ تک لائف لائن صارفین کے لیے فی یونٹ ٹیرف7.74 روپے برقرار رہے گا۔



















