Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بارشیں ہی بارشیں، چیئر مین این ڈی ایم اے نے خبردار کردیا

چیئرمین این ڈی ایم اے نے بارشوں سے متعلق خبردار کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق چیئر پرسن شیری رحمان کی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کی کو آرڈی نٹیر موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

دوران اجلاس قراہ العین نے اعتراض اٹھایا کہ موسم سے متعلق اپ ڈیٹ کو ویب سائٹس پراپ ڈیٹ نہیں کیا جاتا، حکام میٹ آفس نے کہا کہ موسم سے متعلق زیادہ اپ ڈیٹس ہماری ویب سائٹ پر موجود ہیں۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں سے متعلق کمیٹیکو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جون اور جولائی میں درجہ حرارت پہلے کی نسبت زیادہ رہا، گلوبل وارمنگ کی وجہ سے ہر سال درجہ حرارت میں اضافہ ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بحریہ عرب میں ہوا کے دباؤ کے باعث زیادہ بارشوں کا امکان ہے، مون سون کا اسپیل بھارت سے پاکستان میں داخل ہونے کی توقع ہے، این ای او سی 6 سے 8 ماہ پہلے ڈیزاسٹرز کی پیشگوئی کرسکتا ہے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے  نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جولائی کے دوسرے اور تیسرے ہفتے میں بارشوں کی پیشگوئی ہے، بھارتی دریاؤں سے پانی کا بہاؤ بڑھنے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ جولائی اگست میں چاروں صوبوں میں بارشوں کا امکان ہے، جولائی کے دوسرے ہفتے اور اگست کے تیسرے ہفتے میں پنجاب میں بارش کا امکان ہے،جولائی کے دوسرے ہفتے اور چوتھے ہفتے میں سندھ میں بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے آلات پرانے ہوچکے ہیں۔

اجلاس میں چیئرپرسن کمیٹی کا کہنا تھا کہ گرانٹس نہ ہونے کی وجہ سے آلات اپ ڈیٹ نہیں ہیں، محکمہ موسمیات کے آلات اپ ڈیٹ کرنے کیلئے بھاری فنڈز چاہئیں تھے، 2022 کے سیلاب کے بعد تمام فنڈز سیلاب متاثرہ علاقوں کیلئے مختص کرلیے گئے۔