پاکستانی فلم اسٹار ریشم نے کہا ہے کہ لوگ میرے نیک عمل پر بھی انگلیاں اُٹھاتے ہیں۔
حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں اداکارہ ریشم نے کہا کہ مجھے فلم انڈسٹری چھوڑے ہوئے تقریباً 15 سال ہوگئے ہیں، میں کبھی ماڈلنگ کرتی ہوں اور کبھی کسی ٹاک شو یا ایوارڈ شوز میں شرکت کرلیتی ہوں، اس سے میری جو بھی آمدنی ہوتی ہے وہ میں لنگر میں لگا دیتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اللہ تعالیٰ سے وعدہ کیا تھا کہ میں اپنی آخری سانس تک لنگر بانٹتی رہوں گی، میں گزشتہ 20 برسوں سے لنگر کا کھانا بانٹ رہی ہوں لیکن گزشتہ 6 سال سے میں خود اپنے ہاتھوں سے لنگر بنا رہی ہوں اور یہ سلسلہ پورا سال جاری رہتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگ میرے نیک عمل پر بھی انگلیاں اُٹھاتے ہیں، لوگ کہتے ہیں کہ میں حرام کی کمائی سے لنگر بنا رہی ہوں، میں اُن لوگوں سے یہی کہنا چاہوں گی کہ حرام اور حلال کا فیصلہ کرنے والا اللہ تعالیٰ ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ لوگ مجھے یہ بھی کہتے ہیں کہ آپ لوگوں کو کھانا کھلانے کے بجائے اُنہیں روزگار دیں، میرے پاس اتنے وسائل نہیں ہیں کہ میں کسی کو روزگار دے سکوں، صرف ایک گھر ہے جس میں میری رہائش ہے۔
ریشم کا کہنا تھا کہ پہلے ایک دیگ اور روٹیوں کا انتظام 50 ہزار میں ہوجاتا تھا لیکن اب مہنگائی کی وجہ سے اُسی لنگر کا انتظام ڈیڑھ لاکھ تک میں ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں یہ کام صرف اللہ تعالیٰ کی رضا کی خاطر کررہی ہوں، وہی مجھے ہمت اور طاقت دیتا ہے۔




















