Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

موبائل وانٹرنیٹ سروسز بند کیے بغیر سکیورٹی انتظامات بہت بڑی کامیابی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے کہا کہ محرم الحرام میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز کو بند کیے بغیر سکیورٹی انتظامات بہت بڑی کامیابی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے وزراء، کیبنٹ کمیٹی برائے لاء اینڈآرڈر، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوزاور ڈی پی اوزسے ویڈیو لنک میٹنگ کرتے ہوئے، ویری گڈ اینڈ ویل ڈن کہا۔

 مریم نواز نے میٹنگ کے دوران محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات کی تعریف کرتے ہوئے عزاداروں کے لئے ”سبیل آن ویل“ کو بھی سراہا۔

وزیراعلیٰ پنجاب  مریم نوازشریف نے پہلی مرتبہ حکومتی سطح پر نیاز کی فراہمی کو قابل تحسین قراردیتے ہوئے باری باری سب کا نام لے کر شاباش دی اور سراہا۔

مریم نواز نے کہا کہ قائد محمد نوازشریف کی جانب سے بھی سب کو مبارکباد اور شاباش پیش کرتی ہوں، جبکہ میری ٹیم نے عمدہ انتظامات کرکے میرا سر فخر سے بلند کردیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وزراء کرام نے یوم عاشورہ سے پہلے خود جاکر علماء کرام سے ملاقات کی، اور ہرمکتبہ فکر کے علماء کرام کو ملاقات کرکے انہیں اعتماد میں لیا گیا۔

 مریم نواز نے کہا کہ ہدایات پرمن وعن عملدرآمد کرکے امن و امان کو یقینی بنایا گیا، اس کے علاوہ وزراء، افسران اور پولیس دن رات فیلڈ میں رہی، جبکہ بڑے جلوسوں کی ڈرون کے ذریعے مانیٹرنگ سود مند رہی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے شیخوپورہ واقعہ کے ذمہ داروں کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا۔

مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب بھر میں ٹریفک کا انتظام بھی تسلی بخش رہا، جبکہ محرم الحرام کے دوران پولیس اور دیگر اداروں کے درمیان اشتراک کار کا بہترین مظاہر ہ دیکھنے کو ملا، اس کے علاوہ سبیلوں پرلمبی لائنوں کے باوجود مثالی نظم وضبط تھا، لوگ صبر سے اپنی باری کا انتظار کررہے تھے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ محرم کے جلوسوں پر عرق گلاب کا چھڑکاؤ اچھا عمل تھا، جلوس کے خاتمے پر روٹس کی برق رفتاری سے صفائی مستحسن عمل ہے، جبکہ تمام اضلاع میں انتظامیہ اورپولیس نے دلچسپی لے کر کام کیا اور چیلنج کو پورا کیا۔

مریم نوازنے یہ بھی کہا کہ محرم کے انتظامات پراہل تشیع علماء اور اکابرین نے بھرپور شکریہ ادا کیا، اورہرٹاسک میں کامیابی ٹیم کی کاوشوں کی مرہون منت ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے میٹنگ کے دوران کہا کہ وزراء، کیبنٹ کمیٹی، ہوم سیکرٹری، آئی جی، کمشنرز اورسب نے بھرپور کام کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ پولیس والے خود کو خطرے میں ڈال کر دوسروں کی حفاظت کرتے ہیں، پولیس کی حفاظت کے لئے تمام تر میسروسائل فراہم کریں گے، کسی سیکورٹی اہلکارکی شہادت کی خبر دل پر بھاری گزرتی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آنے والے دنوں میں لاء اینڈ آرڈر کی بہتری کے لئے فول پروف انتظامات کریں گے، اس کے علاوہ ایران اورعراق جانے والے زائرین کو ممکنہ سہولت فراہم کریں گے۔

واضح رہے کہ آئی جی، ہوم سیکریٹری اور دیگر افسران بھی ویڈیو لنک میٹنگ میں شامل تھے، اس کے علاوہ میٹنگ میں سینیٹر پرویزرشید، سینئر منسٹرمریم اورنگزیب، صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، چیئرپرسن سی ایم ایلوایشن سیل بریگیڈئیر (ر)بابرعلاؤ الدین اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں