پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج سے 34 سال پہلے میں نے سرکاری ملازمت سے استعفیٰ دے کر سیاست میں قدم رکھا، بہت سوچ و بچار کے بعد میں نے اب سیاست چھوڑنے ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنی باقی عمر تحریر اور تدریس کیلئے وقف کرنا چاہتا ہوں، یہ فیصلہ کسی دبائو کی وجہ سے ہے اور نہ ہی میرا ارادہ کسی اور سیاسی جماعت میں جانے کا ہے۔
شفقت محمود نے کہا کہ میں ان سے مکمل اتفاق کرتا ہوں جو کہتے ہیں کہ سیاست میں نوجوانوں کو آگے آنا چاہیے، مجھے اطمینان ہے کہ میں نے ہمیشہ اپنی ساری ذمہ داریاں نہایت ایمانداری سے سرانجام دیں، اللہ کا شکر ہے کہ آج تک کسی نے ناجائز الزام تک نہیں لگایا۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ بطور وزیر تعلیم پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ یکساں نصاب بنایا اور کووڈ کے مشکل وقت میں تعلیمی نظام کامیابی سے سنبھالا، میں سابق چیئرمین تحریک انصاف کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے یہ خدمت کا موقع فراہم کیا۔



















