اسلام آباد: حکومتی کریک ڈاؤن کے بعد جماعت اسلامی نے اسلام آباد دھرنے کی حکمت عملی تبدیل کرلی۔
جماعت اسلامی نے ڈی چوک کی بجائے تینوں جگہ کے دھرنے لیاقت باغ مری روڈ پر منتقل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
جماعت اسلامی کے کارکنان زیروپوائنٹ سے لیاقت باغ کی طرف روانگی کے لئے تیار ہیں، جماعت اسلامی کے تمام جلوس لیاقت باغ پہنچیں گے حکومت رکاوٹ نہیں ڈالے گی۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا دھرنے کے شرکاء سے خطاب
اس سے قبل امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ سب کو مبارک باد پیش کرتا ہوں جو تمام رکاوٹوں کے باوجود یہاں پہنچے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکونوں کو گرفتار کیا گیا ان سب کو رہا کرنا ہوگا، پولیس سے کہوں گا ہمارے راستے میں نا آئے ہم پُرامن لوگ ہیں اور آج ہم پاکستان کی عوام کی خاطر نکلے ہیں۔
حافظ نعیم نے شرکاء سے سوال کیا کہ دھرنا دینا ہے یا واپس جانا ہے؟، آئی پی پیز سے معائدے ختم کرنے ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا پلان اب مری روڈ ہے اور اب ہم سب نے مری روڈ پہنچنا ہے، اب ایک دھرنا نہیں کئی دھرنے ہوں گے اور کراچی سے لے کر چترال تک ہر شہر میں دھرنا ہوگا۔



















