Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستانی قوم ملکی دفاع کیلئے افواجِ پاکستان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کر سکتی، وزیرِ اعظم

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی قوم ملکی دفاع کیلئے افواجِ پاکستان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے پہلے نشانِ حیدر، کیپٹن محمد سرور شہید کے 76ویں یومِ شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید نے 1948 کی جنگ میں جرآت و بہادری کی مثال قائم کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید نے مٹی کی حفاظت کو اپنی جان پر فوقیت دے کر آئندہ نسلوں کیلئے مادر وطن سے وفا کی لازوال مثال قائم کی، کیپٹن محمد سرور شہید نشانِ حیدر کا یومِ شہادت پوری قوم کو اپنے شہداء کی بے مثال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

 وزیرِ اعظم نے کہا کہ افواجِ پاکستان کے افسران و جوان ملک کے دفاع کیلئے عظیم قربانیاں دیتے آئے ہیں اور دے رہے ہیں، مجھ سمیت پوری قوم کو پاک فوج کے شہداء اور ان کے اہلِ خانہ پر فخر ہے، جبکہ پوری قوم ملکی دفاع کی خاطر اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر اپنے فرائض کی انجام دہی کرتے افواج پاکستان کے افسران و جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

متعلقہ خبریں