Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اداکارہ حنا دلپزیر کس معروف سیاستدان کا کردار ادا کرنے کی خواہشمند ہیں؟

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف و سینئر اداکارہ حنا دلپزیر سیاستدان فردوس عاشق اعوان کا کردار ادا کرنے کی خواہشمند ہیں۔

حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں سینئر اداکارہ حنا دلپزیر کا کہنا تھا کہ وہ ایک مذہبی خاتون ہیں اور روحانیت کے بارے میں کافی علم بھی رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے شعر و شاعری اور موسیقی بہت پسند ہے، میں خود بھی اکثر اپنے موڈ کے حساب سے گلوکاری اور شاعری کرلیتی ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک نجی ٹی وی چینل نے مجھے بہت سارے ایسے پراجیکٹ دیے جن کا اسکرپٹ مجھے پسند نہیں تھا لیکن مجھے نہ چاہتے ہوئے بھی زبردستی وہ پراجیکٹس کرنے پڑے۔

حنا دلپزیر نے کہا کہ اگر پاکستان میں کسی سیاسی خاتون پر بائیو پِک بنی تو میں فردوس عاشق اعوان کا کردار کرنا پسند کروں گی کیونکہ مجھے وہ بہت زیادہ پسند ہیں اور میری خواہش ہے کہ میں اُن کا کردار نبھاؤں۔

اپنی شخصیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں کبھی کسی کی بےعزتی نہیں کرتی اور نہ ہی کسی کی دل آزاری کرتی ہوں کیونکہ مجھے یہ سخت ناپسند ہے کہ میری وجہ سے کسی کی توہین ہو۔