ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا۔
لاہور کے مختلف علاقوں جیل روڈ، کینال روڈ، گڑھی شاہو، ایبٹ روڈ، لکشمی چوک اور اطراف میں بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے آج دن بھر وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
لاہور میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ حبس اور گرمی کی شدت میں بھی کمی دیکھی گئی ہے۔
دوسری جانب کراچی میں بھی صبح سویرے سے ہی کالے بادلوں کا راج ہے، شہر میں بادلوں اور ہلکی بوندا باندی نے موسم کو دلفریب بنادیا۔
طاقتور مون سون ہواؤں کے زیر اثر کراچی میں آج اور کل آندھی و گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بعدازان پنجاب کے ضلع نارووال شہر اور گردونواح میں بھی بارش کی وجہ سے گرمی اور حبس میں کمی دیکھی گئی، گرمی سے ستائے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش وقفے وقفے سے جاری رہے گی۔




















