جماعت اسلامی کے سابق امیر سراج الحق کا کہنا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف کو بولے کہ وہ ہمارے حاکم نہیں ہیں۔
بول نیوز کے پروگرام ’ایسے نہیں چلے گا‘ کی اینکر ڈاکٹر فضاء خان کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت جانتی ہے کہ ہمارا مطالبہ پوری قوم کی ترجمانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کل مطالبہ مان لے تو کل ہی دھرنا ختم کر دیں گے، ہم بھی دھرنا ختم کر کے اپنا کام کریں گے، حکومت جتنی جلدی مطالبہ مان لے گی اتنی جلدی دھرنا ختم ہو جائے گا۔
سابق امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جو تنقید کر رہے ہیں وہ بھی بجلی کے بل دیتے ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم مشکل سے دوچار ہے، حکومت کیلئے آئی ایم ایف کوئی مسئلہ نہیں ہے، حکومت آئی ایم ایف کو بولے کہ وہ ہمارے حاکم نہیں ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ ہم آزاد قوم ہیں، ہمیں خود اپنے فیصلے کرنے ہوں گے، حکومت کہتی ہے کہ ہم تو مان جائیں لیکن آئی ایم ایف والے نہیں مانتے۔
ہمیں یہ دیکھنا چاہیے کہ عوام کے فائدے میں کیا ہے، یہ تو نہیں ہو سکتا کہ عوام کو آئی ایم ایف کے سامنے پیش کر دیا جائے
حکومت قرضے کی بنیاد پر بجٹ بناتی ہے، قرض لینے والے بڑی گاڑیوں میں گھومتے ہیں، مفت بجلی استعمال کرنے کے سلسلے کو بند کیا جائے۔
سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا کو ہمارے ملک میں فتنہ بنایا گیا ہے، سوشل میڈیا پر خاتون کی بدنامی کی جاتی ہے، سوشل میڈیا کیلئے قانون بنانا چاہیے، جھوٹ پھیلانا بھی بہت بڑا جرم ہے۔



















