Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی میں بارش کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں بارش کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

شہر میں بارش سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، اہم اور مرکزی شاہراہوں پر بارش کا پانی جمع ہونے سے شہری سفر کرنے سے قاصر ہیں۔

بارش کے بعد کچھ علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جس کے نتیجے میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

دوسری جانب کراچی بار ایسوسی ایشن نے معزز عدالتوں سے سائلین کے خلاف عدم پیشی پر حکم نامے جاری نہ کرنے کی اپیل کردی۔

کراچی بار کا کہنا ہے کہ تیز بارش کے باعث مختلف علاقوں سے آنے والے وکلاء عدالتوں میں پیش نہیں ہوسکتے۔

واضح رہے کہ آج صبح سے ہی شہر قائد میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، متعدد علاقوں میں کہیں تیز تو کہیں درمیانے درجے کی بارش جاری ہے، تاہم بارش کے ساتھ ہی سمندری ہوائیں بھی بحال ہوگئی ہیں جس سے موسم خوشگوارہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا موجود درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ آج دن بھر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

شہر میں اس وقت 15 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 88 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں