راولپنڈی: آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق اور ان کی آزادی آئین اور اسلام کے عین مطابق مقدس ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر افواج پاکستان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیف کی جانب سے اقلیتی برادری کو مبارکباد دی گئی ہے۔
افواج پاکستان نے ملکی ترقی خوشحالی اور بھرپور ثقافتی ورثے میں اقلیتوں کے ناقابل فراموش کردار کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کا قومی دن ہماری عظیم قوم کے تنوع، ہم اہنگی اور سب کی شمولیت سے اگے بڑھنے کا مظہر ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اقلیتی برادری ہمارے سماجی تانے بانے کا لازمی اور اہم ترین حصہ ہیں، اقلیتوں کے حقوق اور آزادی پاکستان کے آئین اور اسلام کے مطابق لازم ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان کی تاریخ میں اقلیتوں نے ہمیشہ ملک کی ثقافتی شناخت، ترقی اور سماجی بنیادوں کو مضبوط بنانے کے لیے اہم ترین کردار ادا کیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ قائد اعظم کے وژن سے لے کر آج تک اقلیتیں قومی تعمیر کا لازمی حصہ رہی ہیں، ملکی تعمیر و ترقی کے لیے اقلیتوں کی قربانیاں اور کاوشیں قابل قدر ہیں، افواج پاکستان اقلیتی برادری کے غیر متزلزل عزم، جذبے اور قربانیوں کو احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔
پاک فوج کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ افواج پاکستان تکسیری معاشرے میں ہم آہنگی اور ملک و قوم سے غیر متزلزل وفاداری کو بھی سراہتی ہیں، افواج پاکستان پاکستان اقلیتوں کے حقوق، آزادیوں اور فلاح و بہبود کو کے تحفظ کے عزم کا بھی اعادہ کرتی ہیں۔















