اسلام آباد: عالمی ادارہ برائے صحت نے 2 سالوں میں دوسری بار منکی پاکس کو صحت عامہ کی عالمی ایمرجنسی قرار دے دیا۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق وائرس افریقی ملک کانگو سے شروع ہوا اور متعدد ممالک میں پھیلتے ہوئے پاکستان تک پہنچ گیا، پاکستان میں اب تک منکی باکس کا ایک کیس رپورٹ ہوا۔
ڈبلیو ایچ او کی جانب سے کہا گیا ہے کہ منکی پاکس وائرس کی ایک نئی شکل ”کلیڈ ون بی“ نے عالمی تشویش کو جنم دیا، یہ تیزی سے پھیل رہا ہے اور اس کے بارے میں بہت کم معلومات ہیں، یہ بیماری قریبی رابطے سے پھیلتی ہے جبکہ منکی پاکس ون بی اب تک کئی ممالک میں پھیل چکا ہے۔
گزشتہ روز وزیراعظم محمد شہباز شریف نے منکی پاکس کے حوالے سے اہم اجلاس بلایا جس میں منکی پاکس کی تازہ صورتحال، مرض سے نمٹنے کی پیشگی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ہدایت دی کہ منکی پاکس کی جانچ کے حوالے سے تمام ضروری آلات اور کٹس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے ملک کے ہوائی اڈوں، بندر گاہوں اور بارڈرز پر منکی پاکس کی اسکریننگ کے نظام کو مؤثر بنانے کی بھی ہدایت دی۔
واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے منکی پاکس کو پبلک ہیلتھ ایمر جینسی قرار دیا گیا ہے۔



















