Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم سے یونیورسٹی آف آکسفورڈ یونین کے نو منتخب صدر اسرار خان کی ملاقات

 وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان سے تعلق رکھنے والے، یو کے کی معروف یونیورسٹی آف آکسفورڈ میں آکسفورڈ یونین کے نو منتخب صدر اسرار خان کاکڑ نے ملاقات کی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسرار خان کاکڑ کا وزیراعظم ہاؤس میں پر تپاک استقبال کیا، اور اسرار خان کاکڑ کو بیرونِ ملک پاکستان کا نام روشن کرنے پر سراہا۔

شہباز شریف نے اسرار خان کاکڑ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرار کاکڑ جیسے باصلاحیت نوجوان ہی پاکستان کے پائیدار اور روشن مستقبل کے ضامن ہیں، اور آپ کا آکسفورڈ یونین کے صدر کا الیکشن لڑنا اور سرخرو ہونا آپ کی ثابت قدمی اور غیر متزلزل عزم کا عکاس ہے۔

 وزیراعظم نے کہا کہ میں پر امید ہوں کہ اسرار کاکڑ اور ان جیسے باصلاحیت پاکستانی نوجوان یونہی بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔

  شہباز شریف نے مزید یہ بھی کہا کہ بلوچستان کے پسماندہ علاقے سے تعلق رکھنے والے نوجوان کا انتھک محنت سے اپنے تمام تعلیمی مراحل میں وظائف حاصل کرنا اور بالآخر آکسفورڈ یونین جیسی اعلیٰ تنظیم کا صدر منتخب ہونا قابل فخر ہے،

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایجوکیشن اینڈاؤمنٹ فنڈ کا قیام عمل میں آچکا، جس کی بدولت غریب گھرانوں کے بچے اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں گے، جبکہ پاکستان ایجوکیشن اینڈاؤمینٹ فنڈ میں بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے 20 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔

دوسری جانب اسرار خان کاکڑ نے وزیراعظم کو آکسفورڈ یونین میں خطاب کرنے کی دعوت دے دی، جبکہ اسرار خان کاکڑ نے وزیرِ اعظم کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں یکسان ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے اقدامات پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ مجھ سمیت پاکستان کے تمام نوجوان پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہر طرح کی خدمات کیلئے تیار ہیں۔

متعلقہ خبریں