وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو بجلی بل میں 2 ماہ کا ریلیف دینے پر خوشی ہے۔
مریم نواز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج طلبا اور ان کے والدین کے لیے بڑا دن ہے، ملک کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوزیشن ہولڈرز بچے ہمارے سر کا تاج ہیں، بچوں کی شاندار کامیابی پر اساتذہ اور والدین کو مبارکباد دیتی ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ لوگوں کے پاس وسائل ہوں تو دنیا میں ریکارڈ قائم کریں، کوئی بعید نہیں کہ کل میری جگہ آپ میں سے کوئی بچہ ہوگا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ ہم نے مقدمات کا سامنا کیا، جیل بھگتی، کبھی آنکھ میں آنسو نہیں آیا، ہمت اور بہادری سے نامساعد حالات کا ڈٹ کر سامنا کیا، جب آپ کو گارڈ آف آنرمل رہا تھا تو میری آنکھوں میں آنسو آگئے، میرے جیسے انسان کو رلانا کوئی آسان کام نہیں ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ تنقید ہورہی ہے کہ شارٹ ٹرم ریلیف دیا ہے، یہ شارٹ ٹرم ریلیف نہیں 2 ماہ بعد سولر کا بڑا منصوبہ لارہے ہیں، ریلیف دینے پر کچھ لوگوں نے بےوقوفی کا لفظ استعمال کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کیا کرپشن کا پیسہ جیب میں ڈالنا، پروٹوکول میں گھومنا درست ہے؟ عوام کو بجلی بل میں 2 ماہ کا ریلیف دینے پر خوشی ہے، طلبا کو 30 ہزار الیکٹرک بائیکس دے رہے ہیں۔



















