Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سندھ حکومت عوام کو سہولیات فراہم کررہی ہے، شرجیل میمن

سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت عوام کو سہولیات فراہم کررہی ہے۔

سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری نے کہا بجلی کےنرخ کم کرائیں عوام کو ریلیف دیں، سندھ میں جو سہولیات ہوتی ہیں وہ پورے ملک کے لیے ہوتی ہیں، عوام کو ریلیف دینا پیپلز پارٹی کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی خود ہی ایکسپوز ہوتے جارہے ہیں، بانی پی ٹی آئی، ان کی جماعت ملک کے خلاف سازشوں میں لگی رہی، پی ٹی آئی ہر روز برے طریقے سے بےنقاب ہورہی ہے، بانی پی ٹی آئی نے کرسی کے لیے پاکستان کی سالمیت کو داؤ پر لگایا۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی شخص اپنے ملک کو نقصان پہنچانے کی بات نہیں کرتا، ثاقب نثار کا سازشوں میں نام آرہا ہے، سب سنی سنائی باتیں ہیں، ثاقب نثار پاکستان آئیں، پریس کانفرنس میں سوالوں کا جواب دیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ جج کی کرسی غیر سیاسی ہوتی ہے، ثاقب نثار نے جج کی کرسی کی توہین کی ہے، عدلیہ میں ثاقب نثار جیسی کالی بھیڑیں سامنے آئی ہیں، ثاقب نثار کی تو آڈیو ٹیپ بھی سامنے آئی ہے۔

سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بجلی کے ریٹ کم کر کے طنز کیا جارہا ہے، طعنے دیے جارہے ہیں، بینظیر بھٹو کی حکومت ختم کی گئی، پھر مسلم لیگ ن کی حکومت آئی، مسلم لیگ ن کی حکومت نے تھرکول کو بند کردیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کوٹ میں پی پی کی صوبائی حکومت نے ایئرپورٹ بنایا، سعید غنی نے کہا 2 ماہ کے بجائے لانگ ٹرم کا سوچنا چاہیے، لیڈر شپ کیا ہوتی ہے جو لانگ ٹرم سوچتی ہے، منصوبےلاتی ہے، ماضی میں بینظیر بھٹو نے بجلی کے لانگ ٹرم منصوبے شروع کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی منفی سیاست نہیں کی، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سب کی سپورٹ کی، سعید غنی نے کل کوئی متنازع گفتگو نہیں کی بلکہ مشورہ دیا ہے، سیلاب متاثرین کے لیے 21 لاکھ گھر بنائے جارہے ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ چھوٹے بھائی نے بجلی کے ریٹ بڑھائے، بڑے بھائی نے کہا 2 ماہ کے لیے بجلی کے ریٹ کم کررہے ہیں، پیپلز پارٹی نے کبھی منفی سیاست نہیں کی۔

سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اے ٹینٹ، مچھر دانیاں، سلیپنگ میٹ پہلے ہی بھیج چکا تھا، جب بارش ہورہی ہے تو پانی نکلنے میں وقت لگتا ہے، کمشنر، ڈپٹی کمشنر، میئر اس وقت گراؤنڈز پر موجود ہیں، وزیراعلیٰ سندھ اس وقت بھی سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں بارش کا ابھی تک بڑا اسپیل نہیں آیا، قمبر شہداد کوٹ میں 130 ملی میٹر بارش ہوئی ہے، پی ڈی ایم اے نے ایڈوانس میں کام کرلیا تھا، سندھ کے اسپتالوں میں 15 ممالک سے لوگ آکر علاج کراتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سکھرمیں 283 ملی میٹر بارش ہوئی، جیکب آباد میں 195 ملی میٹر بارش ہوئی، سندھ کے اسپتالوں میں تمام علاج مفت میں ہوتا ہے، کراچی کے اسپتالوں میں 31 فیصد مریض پنجاب کے ہوتے ہیں، سندھ کے اسپتالوں میں علاج پورے پاکستان کے لوگوں کا ہوتا ہے، سندھ حکومت عوام کو سہولیات فراہم کررہی ہے۔

متعلقہ خبریں