Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملک سے دہشتگردی کی عفریت کے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، وزیراعظم

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک سے دہشتگردی کی عفریت کے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔

وزیرِ اعظم نے پشین میں پولیس لائنز کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کی اور دھماکے میں کم سن بچوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔

انہوں نے شہید بچوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا اور واقعے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں سمیت دیگر افراد کی صحت یابی کی دعا بھی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ زخمی افراد کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، واقعے کے ذمہ داران کی نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔

محمد شہباز شریف نے کہا کہ کم سن بچوں پر حملہ آور ہونے والے بزدل دھشتگرد انسان کہلانے کے لائق نہیں، ملک سے دہشتگردی کی عفریت کے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔

واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع پشین کے مرکزی بازار سرخاب چوک پر دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 2 بچے جاں بحق جبکہ 5 پولیس اہلکاروں سمیت 14 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

متعلقہ خبریں