Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سندھ حکومت بلاتفریق عوامی فلاح کے منصوبوں کو مکمل کررہی ہے، سعید غنی

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت بلاتفریق عوامی فلاح کے منصوبوں کو مکمل کررہی ہے۔

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کراچی میگا پروجیکٹ کے تحت جاری کورنگی کازوے کا دورہ کیا۔

سعید غنی کے ہمراہ رکن سندھ اسمبلی فاروق اعوان، صدر ضلع کورنگی جانی میمن، ٹاون چئیرمین کورنگی محمد نعیم شیخ، شرجیل رضوانی، شیراز وحید، احمد رضا و دیگر بھی موجود تھے۔

سعید غنی نے کورنگی کاز وے پر جاری پل کی تعمیر کا جائزہ لیا۔

سعید غنی کو پروجیکٹ ڈائریکٹر طارق مغل نے کاز وے کی تعمیر کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ کورنگی ندی پر جاری پل کی تعمیر کا کام دن رات بلا تعطل جاری ہے، یکم جنوری 2025 تک پل کی تعمیر مکمل کرکے یہ عوام کے لئے کھول دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس پل کی تعمیر سے کورنگی، لانڈھی اور ملیر کی عوام کو آسان سفری سہولت ملے گی، برساتوں میں کورنگی ندی زیر آب آنے سے ٹریفک کی سنگین مسائل پیدا ہوجاتے تھے، جس کے پیشِ نظر اس پل کی ہنگامی بنیادوں پر تعمیر کا آغاز کروایا ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت بلاتفریق عوامی فلاح کے منصوبوں کو مکمل کررہی ہے۔

بعد ازاں صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے ٹاون چیئرمین کورنگی کی جانب سے جاری کلین اینڈ گرین کورنگی مہم میں ناریل کا پودہ لگایا۔

متعلقہ خبریں