وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی سرکاری دفاتر میں ای آفس کے نفاذ میں کسی قسم کی سست روی قبول نہیں۔
محمد شہباز شریف نے وفاقی حکومت کے دفاتر کو پیپر لیس بنانے کیلئے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور متعلقہ اداروں کو ٹاسک سونپ دیا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی سرکاری دفاتر میں ای آفس کے نفاذ میں کسی قسم کی سست روی قبول نہیں، ایک ماہ کے اندر تمام دفتری فائلز پر کام ای آفس کے ذریعے یقینی بنایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئندہ ماہ سے کوئی بھی فائل ای آفس کے علاوہ نہیں دیکھوں گا، نظام میں شفافیت اور تیزی لانے کیلئے ای آفس کا نفاذ حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ یقینی بنایا جائے کہ تمام سرکاری دفاتر میں افسران ای آفس کے ذریعے فائلز بھیجیں۔
وزیرِ اعظم کی ہدایت پر وزیرِ اعظم آفس کے اسٹاف کی گزشتہ ہفتے ای آفس کی ٹریننگ مکمل کر لی گئی۔
انہوں نے گزشتہ ہفتے بذاتِ خود ای آفس پر فائلز موصول کیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ای آفس پاکستان میں ڈیجیٹائیزیشن کے فروغ اور گورننس کی بہتری کیلئے نہایت کلیدی اقدام ہے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے آئندہ دو ہفتوں میں ای آفس کے نفاذ پر پیش رفت پر رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔



















