پاکستان کی معروف اداکارہ حنا خواجہ بیات کا کہنا ہے کہ افسوس ہوتا ہے ان پر جنہیں اردو نہیں آتی اور اس پر فخر بھی کرتے ہیں۔
حال ہی میں پاکستان کی معروف اداکارہ حنا خواجہ بیات کا انسٹاگرام پر کمنٹ کا ایک اسکرین شاٹ خوب وائرل ہو رہا ہے۔
وائرل اسکرین شاٹ میں اداکارہ نے لکھا ہے کہ آپ کوئی بھی لب و لہجہ اپنا لیں چاہے برطانوی یا امریکی وہ نقلی ہی دکھائی دے گا، ہر ایک کو اپنی گرومنگ پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
حنا خواجہ بیات نے لکھا کہ پہلے اپنی قواعد پر کام کریں، پھر نئے الفاظ کا ذخیرہ جمع کریں، پھر لب و لہجہ اپنائیں، یہ دیکھ کر افسوس ہوتا ہے کہ باآسانی لوگ یہ کہہ دیتے ہیں کہ ہمیں اردو نہیں آتی اور اس پر فخر بھی کرتے ہیں۔
اداکارہ نے لکھا کہ آپ جب اپنی زبان اور ثقافت کا چھوڑ دیں گے تو آپ اپنی شناخت خود کھودیں گے، غیروں کی زبان سیکھنے سے پہلے اپنی زبان سے واقف ہونا ضروری ہے۔




















