Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شادی کے فیصلے پر پچھتاوا ہے، سکینہ سموں

پاکستان کی سینئر اداکارہ سکینہ سموں کا کہنا ہے کہ شادی کے فیصلے پر پچھتاوا ہے۔

حال ہی میں پاکستان کی سینئر اداکارہ سکینہ سموں نے نجی ٹی وی چینل کے شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی زندگی سے متعلق گفتگو کی۔

انہوں نے پہلی شادی میں ناکامی کے بعد بچوں کی اکیلے پرورش سے متعق کہا کہ میری والدہ نے والد کے انتقال کے باوجود دوسری شادی کا کبھی نہیں سوچا، میں نے بھی اپنی والدہ سے ہی سیکھا اور میرا بھی یہی ماننا ہے کہ شادی انسان کی ایک ہی مرتبہ ہوتی ہے۔

سکینہ سموں نے کہا کہ اگر آپ کے پاس اولاد ہے تو آپ کو دوسری شادی نہیں کرنی چاہیے، لوگ کہتے ہیں اسلام میں دوسری شادی جائز ہے لیکن کوئی بھی دوسری ماں یا دوسرا باپ آپ کے بچوں کا خیال نہیں رکھ سکتا، اگر آپ نے اپنے بچوں کا مستقبل خراب کرنا ہے تو دوسری شادی کیجیے۔

اداکارہ نے کہا کہ  میری شادی لو میرج تھی جس پر والدہ بھی راضی تھیں، خواہش تھی کہ شادی کرکے سیٹ ہوجاؤں، آغاز میں سابق شوہر نرم اور رحمدل لگے لیکن بعد میں اندازہ ہوا اس شخص میں ایسا کچھ بھی نہیں جسے دیکھ کر شادی کا فیصلہ کیا تھا اور پھر اللہ راستے بنا ہی دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شادی کے فیصلے پر پچھتاوا ہے، اگر آج کی طرح ماضی میں بھی میچیور ہوتی تو شادی نہیں کرتی، زندگی ایک اسٹیج کی طرح ہے جس میں لوگ آتے ہیں اور چلے جاتے ہیں اور ان کا کردار ہماری زندگی سے ختم ہوجاتا ہے، میں نے اپنی غلطیوں سے سیکھا ہے۔