Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نیتو سنگھ نے شوہر رشی کپور سے ہونے والی پہلی ملاقات کو خوفناک قرار دیدیا

بالی ووڈ فلم انڈسٹری کی معروف و سینئر اداکارہ نیتو سنگھ نے اپنے شوہر رشی کپور سے ہونے والی پہلی ملاقات کو خوفناک قرار دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں معروف و سینئر اداکارہ نیتو سنگھ نے بتایا کہ رشی سے میری پہلی ملاقات خوفناک تھی کیونکہ انہیں مذاق اڑانے کی عادت تھی، پہلی ملاقات میں رشی نے میرے میک اپ اور کپڑوں پر تبصرہ کیا جس پر مجھے بہت غصہ آیا۔

انہوں نے کہا کہ فلم بوبی کے سپرہٹ ہونے کے بعد اداکارہ ڈمپل نے شادی کرلی اور رشی کے پاس کوئی اور ہیروئن نہیں تھی کیونکہ ہر کوئی ان سے عمر میں بڑی لگتی تھی، میں واحد نوجوان اداکارہ تھی اور فلم رکشہ والا کے بعد رشی کی تمام فلمیں میرے پاس آنے لگیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ہم نے منگنی کرنے کا فیصلہ کیا تو میں نے سائن کی ہوئی فلموں کی رقم واپس کردی تھی اور ساتھ ہی ہدایت کاروں کو تمام زیر التوا فلموں کو مکمل کرنے کا نوٹس بھی دیا اور ایک سال تک سخت محنت کے ساتھ کام کیا۔

واضح رہے کہ اداکارہ نیتو سنگھ اور رشی کپور نے 1980 میں شادی کی، نیتو سنگھ نے شادی کے بعد فلمی کیرئیر کو خیرباد کہہ دیا تھا، ان کے 2 بچے رنبیر اور ریدھیما کپور ہیں۔

اداکار رشی کپور خون کے سرطان میں مبتلا تھے اور وہ 2020 میں انتقال کرگئے۔