Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دہشتگردوں اور سہولت کاروں کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، وزیر داخلہ

کوئٹہ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دہشتگردوں اور سہولت کاروں کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔

وزیرداخلہ محسن نقوی گورنر ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر محسن نقوی نے بلوچستان میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات کی پر زور مذمت اور شہداء کے لواحقین سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں قیام امن کیلئے ہر سطح پر فوری اقدامات کیے جائیں گے، ایپکس کمیٹی میں فیصلہ ہوا ہے کہ ریاست کے سامنے ہتھیار ڈالنے اور آئین پاکستان کو ماننے والوں سے صرف بات چیت ہوگی، دہشت گرد گروہوں سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے اور اس فتنے کا سر سختی سے کچلا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی صدارت میں ایپکس کمیٹی میں ریاست کو نہ ماننے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، دہشتگردی کے واقعات میں ملوث کسی گروہ سے کوئی رعایت نہیں ہو گی، دہشتگردوں اور سہولت کاروں کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔

محسن نقوی نے کہا کہ ریاست کی رٹ کسی کو چینلج نہیں کرنے دیں گے، بلوچستان کی سیکیورٹی فورسز، فرنٹیئر کور، پولیس اور لیویز کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ بلوچستان سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کرنے کا وقت آگیا ہے، ہمارے لوگوں کو شہید کرنے والوں کو بھاگنے یا چھپنے نہیں دیں گے۔

دوسری جانب گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور عوام ایک ہیں، چند عناصر امن کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں۔

دوران ملاقات گورنر بلوچستان نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کیے فیصلوں کو بروقت اور قیام امن کے لئے ناگزیر قرار دے دیا۔

متعلقہ خبریں