اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے کون بات کر رہا ہے، کہاں بات ہورہی ہے؟ اس حوالے سے صورتحال اب تک واضح نہیں ہوسکی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کو معافی سے مشروط کردیا جبکہ خواجہ آصف نے لاعلمی کا اظہار کیا اور محمود خان اچکزئی نے مذاکرات کی بات کیے بغیر اہم ملاقاتوں سے متعلق سب بتادیا۔
سیاسی رہنماؤں کے صحافیوں کے سوالات پر جواب کچھ نہ کچھ اشارے دے رہے ہیں۔
اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے بتایا کہ وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ سے ملاقات ہوئی ہے، اس دوران کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور نواز شریف کی مرضی کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کریں گے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کو معافی سے مشروط کردیا جبکہ وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے اس حوالے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے خود کو معاملے سے لاتعلق کرلیا۔
سیاسی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ کسی کو کچھ نہیں پتا لیکن کچھ نہ کچھ کہیں نہ کہیں ضرور ہورہا ہے۔



















