پاکستان شوبز انڈسٹری کے مشہور و معروف اداکار علی سفینہ نے کہا ہے کہ میں کبھی بھی پاکستان کے خلاف کوئی بکواس بات نہیں کروں گا۔
حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں معروف اداکار علی سفینہ کا کہنا تھا کہ آج کل پاکستان میں اپنے ہی ملک و قوم کے بارے میں مایوس کن اور بکواس باتیں کرنا فیشن بن گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم لوگ اپنے ہی لوگوں کے خلاف باتیں کرتے رہتے ہیں، کبھی اسٹیبلشمنٹ کے خلاف، کبھی سیاستدانوں کے خلاف، کبھی کرکٹرز کے خلاف اور کبھی فنکاروں کے خلاف، کسی کو تو بخش دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے سمجھ نہیں آ رہی کہ ہمارے ملک میں ہر بندہ اس وقت کیوں اتنے غصّے میں ہے؟
علی سفینہ نے کہا کہ ہم اخلاقیات سے عاری ہوتے جا رہے ہیں، ہر کسی سے لڑ رہے ہیں۔
اداکار کا کہنا تھا کہ ابھی حال ہی میں پاکستان کی جانب سے ایک سٹیلائٹ خلا میں بھیجا گیا اس پر بھی سب لوگ منفی تبصرے کرتے نظر آئے، جو چیزیں ملک میں اچھی ہو رہی ہیں ان پر خوشی کا اظہار کرنا چاہیے، ہر چیز پر تنقید اچھی بات نہیں۔




















