Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستانی قوم کا اتحاد دشمن کا ہر ناپاک منصوبہ ناکام بنا سکتا ہے، عمر ایوب

اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب کا کہنا ہے کہ پاکستانی قوم کا اتحاد دشمن کا ہر ناپاک منصوبہ ناکام بنا سکتا ہے۔

 اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے 6 ستمبر کے حوالے سے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کی تابناک تاریخ میں 6 ستمبر کا دن ہماری بہادر مسلح افواج کی جرأت، عزم صمیم اورایثارو قربانی کے بے مثال جذبے کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ یوم دفاع دشمن کے خلاف پاکستان کے ایک ہونے کا دن ہے، شہدا، غازیوں اور غیور و بہادر پاکستانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، مادر وطن کے تحفظ، سلامتی اور دفاع کیلئے شہداء کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

عمر ایوب خان نے کہا کہ جنگ ستمبر کے ہیروز کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیئے، پاکستانی قوم کا اتحاد دشمن کا ہر ناپاک منصوبہ ناکام بنا سکتا ہے۔

اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی نے کہا کہ آج کے دن قوم بری فوج، بحریہ اور فضائیہ کو سلام پیش کرتی ہے، پوری قوم کو اپنے شہداء، غازیوں اور مسلح افواج پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ کہا ہے کہ ملک بھی ہمارا، فوج بھی ہماری، آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی ملکی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، آج کے دن کا تقاضا ہے کہ ہم پاکستان کو معاشی طور پر طاقتور، توانا اور خوشحال بنائیں۔

 عمر ایوب خان نے کہا کہ پاکستان کو معاشی اور اقتصادی طور پر طاقتور بنانا دفاع پاکستان کا ایک لازمی تقاضا ہے، امن کی خاطر اور آئندہ نسلوں کے تابناک مستقبل کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہماری پرعزم قوم اور پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے بارہا یہ ثابت کیا ہے کہ وہ ملک کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔

متعلقہ خبریں