Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

علی امین گنڈاپور کو وزیراعلیٰ کہنا اس عہدے کی توہین ہے، امیر مقام

وفاقی وزیر امور کشمیر و سیفرام انجینیئر امیر مقام کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور کو وزیراعلیٰ کہنا اس عہدے کی توہین ہے۔

وفاقی وزیر امور کشمیر و سیفرام انجینیئر امیر مقام نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کے پی کی کارکردگی کا اکاؤنٹ خالی ہے، خیبرپختونخوا میں حصے اور شیئر پر لڑائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس کی اپنے حلقے میں رٹ نہ ہو وہ پورے پاکستان کی بات کرتا ہے، جلسے میں مریم نواز کے ساتھ ترقی کا موازنہ کرتے تو بات تھی، جلسے میں بڑھکیں ماری گئیں، اس شخص کی کوئی ساکھ ہی نہیں۔

امیر مقام نے کہا کہ جلسے میں جو الفاظ استعمال کیے گئے وہ نفرت پھیلانے کا باعث ہیں، علی امین کے خلاف کابینہ اور اسمبلی میں انکے اپنے لوگ گواہی دے رہے ہیں، کے پی مسائلستان بن گیا ہے، گندم خریداری میں کرپشن کی گئی۔

وفاقی وزیر امور کشمیر و سیفرام انجینیئر نے کہا کہ کے پی میں جنگلات کو بے دردی سے کاٹا گیا، جوانوں کو بلا کر گالم گلوچ کے لیے تیار کیا گیا، 120 دن کے دھرنے میں یہ ساری رات رقص کرتے رہے، ریسکیو1122کی گاڑیوں کو بھی جلسے میں استعمال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس روزانہ شہادتیں پیش کررہی ہے، کے پی پولیس کے اہلکاروں کو سادہ کپڑوں میں جلسے میں لایا گیا، صوبے کے سرکاری ملازمین کو بھی جلسے کے لیے لایا گیا، انتہائی قابل افسوس ہے جس طرح سرکاری وسائل استعمال کیے گئے۔

 امیر مقام نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو جب عدالت بلایا گیا تو کہتے ہیں میں بیمار ہوں، جلسے میں گالم گلوچ کا استعمال قابل افسوس ہے، علی امین کو وزیراعلیٰ کہنا بھی وزیراعلیٰ کےعہدے کی توہین ہے۔

متعلقہ خبریں