لاہور: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ پاکستان میں آج بھی باغیوں کی سہولتکاری کی جارہی ہے۔
جاوید لطیف نے ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں بہت عرصے سے بول رہا تھا کہ سہولت کاری ہو رہی ہے، اب یہ سہولت کاری حکومت کے لیے وبال جان بن گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسد قیصر صاحب جانتے ہیں نہیں جو آج بات کر رہے ہیں، سات آٹھ گھنٹے علی امین گنڈا پور منہ چھپائے بیٹھے رہے، ہر روز نئے سے نیا ڈرامہ۔
لیگی رہنما نے کہا کہ آج پاکستان دنیا کی پہلی اسلامی ایٹمی قوت ہے، آج یہ اسلامی ایٹمی قوت عالمی سازشوں کے گرداب میں آگئی ہے، دنیا میں جہاں انقلاب آتا ہے یا تو بغاوت کامیاب ہوتی ہے یا ریاست ٹوٹ جاتی ہے، یا پھر ریاستی ادارے باغیوں کو کچل دیتے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ آج باغی کہہ رہے ہیں جوڈیشل کمیشن بننا چاہے، آج تک کسی نے نہ سنا ہو گا کہ ایک ریاست کا صوبہ ہی ریاست کے خلاف نکل آئے اور اس کو معاف کر دیا جائے۔
جاوید لطیف نے کہا کہ آج عالم یہ ہے کہ پاکستان مخالف قوتیں کھل کر ان باغیوں کی مددکوآ پہنچی ہیں، اگر بغاوت کرنے والوں کو دنیا بھر میں اس طرح تحفظ ملتا ہے تو آپ بھی دیں، وہ ریاست پر سرکاری مشینری رکھتے ہوئے حملہ کے لیے آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوامی بغاوت ہوگی تو قوم سے مل کر گنڈاپور کا مقابلہ کریں گے، ریاست کے وسائل ریاست کے خلاف استعمال کریں گے تو ریاست کو مقابلہ کرنا ہوگا۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ پاکستانی کو بیرونی سے زیادہ اندرونی باغیوں کا سامنا ہے، باغیوں سے برا سلوک نہ ہوا تو پھر ریاست کو نقصان ہوگا، پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والی قوتیں کھل کر سامنے آگئی ہیں، اگر اب مارشل لاء ہے تو کیا پی ٹی آئی دور میں مارشل لاء نہیں تھا، پارلیمنٹ میں بیٹھ کر جنرل فیض قومی اسمبلی چلاتے رہے۔



















