Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

خودی کیفے ہمارے معاشرے کے لیے ایک روشن مثال ہے، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ خودی کیفے ہمارے معاشرے کے لیے ایک روشن مثال ہے۔

 وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں ووکیشنل ٹریننگ سینٹر میں خودی کیفے کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ووکیشنل سیٹر سے کافی عرصے سے شناسائی ہے، خودی کیفے پر ادارے کو مبارکباد دیتا ہوں ابھی اور آگے بڑھنا ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ووکیشنل سینٹر کا بنیادی مقصد بچوں کی ٹریننگ کرکے انہیں اپنی زندگی جینے کیلئے آگے بھیجا جائے ،میں اپنے اسٹاف سے کہتا ہوں کہ اب بیکری یا کھانے کی چیزیں بھی یہاں سے منگوائیں۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت کافی ادارو کو سپورٹ کرتی ہے اب پچہتر ایکڑ زمیں پر خصوصی بچوں کیلئے ایک ادارہ بنا رہے ہیں، اس ادارے میں خصوصی بچوں کیلئے بیس پچیس ایکڑ کا پارک بنائیں گے۔

 مراد علی شاہ نے کہا کہ آئندہ تین سے پانچ سال میں کراچی شہر میں یہ ادارہ کورنگی روڈ پر قائم ہوگا، جبکہ کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر طویل عرصے سے خصوصی افراد کو بااختیار بنانے کی خدمت کر رہا ہے۔

 وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کے وی ٹی سی میں مہارت فراہم کرنے کے ساتھ زندگی کو شاندار انداز میں جینے کی تربیت دی جاتی ہے، یہاں طلباء کو عملی مہارتوں سے آراستہ اور پیشہ ورانہ ماحول کے تقاضوں کے لیے تیار کیا جاتا ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ مجھے کے وی ٹی سی ٹیم کی غیر متزلزل لگن پر فخر محسوس ہو رہا ہے، کے وی ٹی سی میں خودی بیکری اینڈ کیفے کا افتتاح اس پیشرفت کا ثبوت ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ اقدام ہمارے طالب علموں کو حقیقی دنیا کی پیشہ ورانہ ترتیب فراہم کرتا ہے، جہاں ذاتی تجربہ سے اپنی صلاحیتوں کو نکھار کر کیریئر کو مزید بڑھا سکتے ہیں، مجھے ایک ایسے اقدام کا حصہ بننے پر خوشی ہے جو افراد کو ترقی دیتا ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ آئیے ایک ساتھ ملکر اپنی خصوصی بچوں کیلئے کام کریں، یہ کیفے خصوصی بچوں کیلئے قائم کیا گیا ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ عبدالرشید چنا کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر ڈی ایچ اے فیز 4 آمد پر سینیٹر عبدالحسیب خان نے ان کا استقبال کیا۔

ترجمان وزیراعلیٰ نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزیر سعید غنی نے کیفے کا افتتاح کیک کاٹ کرکیا، اس کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے بچوں سے ملاقات کی اور گھل مل گئے۔

اس موقع پر سینیٹرعبدالحسیب نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ہمارے کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر کے سب سے بڑے سپورٹر ہیں، اور ان کا کے وی ٹی سی کے ساتھ خصوصی لگائو ہے۔

متعلقہ خبریں