اسلام آباد: وفاقی کابینہ کا آج ہونے والا اجلاس ملتوی کردیا گیا ہے، اجلاس میں آئینی ترامیم کی منظوری دی جانی تھی۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی جانب سے حمایت نہ ملنے پر کابینہ اجلاس ملتوی کیا گیا ہے، تاہم چھبیسویں آئینی ترمیم آج بھی پیش نہ ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ قومی اسمبلی میں آج معمول کی کارروائی ہوگی، اجلاس میں تین نکاتی ایجنڈا پر ہی غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق عدالتی اصلاحاتی پیکج آج پیش نہیں کیا جا سکے گا،آج آئینی ترامیم کا بل پیش نہ ہوا تو قومی اسمبلی اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا جائے گا، ابھی پارلیمانی خصوصی کمیٹی اور وفاقی کابینہ کے اجلاس کے وقت کا تعین نہیں کیا گیا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی مکمل حمایت حاصل ہونے تک آئینی ترامیم کا بل پیش نہیں ہوگا، حکومت آج پھر مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کرے گی جبکہ خصوصی کمیٹی کا اجلاس بھی تاحال طلب نہیں کیا جاسکا۔

















