پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حاجرہ یامین نے کہا ہے کہ انڈسٹری میں کسی ہدایتکار کے مطالبات کو نہ ماننے سے نقصان ہوسکتا ہے۔
حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں معروف اداکارہ حاجرہ یامین کا کہنا تھا کہ انڈسٹری میں انہوں نے ان ہی لوگوں کو اپنا دوست بنا رکھا ہوا ہے جنہوں نے مشکل وقت میں ان کا ساتھ دیا اور اب وہ کسی بھی صورت میں انہیں خود سے دور جانے نہیں دیں گی۔
انہوں نے کہا کہ کبھی ایسی نوبت ہی نہیں آئی کہ دوستوں کو آزمایا جائے لیکن ان کے دوست اچھے ہیں، انہیں وہ کسی قیمت پر دور نہیں ہونے دیں گی۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ انڈسٹری میں کسی بھی ہدایت کار یا پروڈیوسر کے مطالبات کو نہ ماننے سے نقصان بھی ہوسکتا ہے اور انہیں بھی منع کرنے پر نقصان اٹھانا پڑا۔
حاجرہ یامین نے کہا کہ ان کے انکار پر انہیں کاسٹ کیے جانے پر پابندی عائد کی گئی اور انہیں ایک طرف سے چار سے پانچ سال تک کوئی کام نہیں ملا، کیونکہ انہوں نے ان کے مطالبات ماننے سے انکار کردیا تھا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ مطالبات ماننے سے انکار کا نقصان ان افراد کو ہو سکتا ہے جو جلد شہرت حاصل کرنا چاہتے ہیں لیکن جن کا مقصد اچھا کام اور انڈسٹری میں ہمیشہ موجود رہنا ہوتا ہے، انہیں انکار سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
انہوں نے کہا کہ ان کے انکار کی وجہ سے ان پر پابندی بھی عائد کی گئی اور انہیں کئی سال تک کاسٹ نہیں کیا گیا۔
دورانِ انٹرویو معروف اداکارہ حاجرہ یامین نے مستقبل میں خاندان بنانے اور شوہر سے متعلق بھی بات کی اور کہا کہ اب وہ کسی بھی مرد کو دیکھتی ہیں تو ان کے ذہن میں سب سے پہلا خیال یہی آتا ہے کہ مذکورہ شخص ان کے بچوں کے والد کے طور پر کیسے رہیں گے؟
اداکارہ نے مزید کہا کہ انہوں نے کسی شخص کو تلاش نہیں کر رکھا لیکن فطری طور پر وہ جب بھی کسی کو دیکھتی ہیں تو یہی سوچتی ہیں کہ مذکورہ شخص کس طرح کا والد ہوگا؟ کیا وہ ان کے بچوں کا اچھا والد ہوگا یا نہیں؟




















