Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

رتیش نے بریک اپ کا میسج کیا تھا؛ جینیلیا نے ماضی کا قصہ سنادیا

بالی ووڈ کی معروف جوڑی رتیش دیش مکھ اور جینیلیا ڈی سوزا نے ماضی کا دلچسپ قصہ سنادیا۔

حال ہی میں بالی ووڈ کی معروف اداکارہ جینیلیا ڈی سوزا نے انٹرویو کے دوران اپنی زندگی کے یادگار میسج کے بارے میں بتایا جس نے اداکارہ کو ڈپریشن میں مبتلا کردیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ اس وقت کی بات ہے جب ہم ایک دوسرے کو ڈیٹ کررہے تھے اور یکم اپریل یعنی اپریل فول کا دن تھا، جب رتیش نے مجھے ایک پیغام بھیجا کہ بس اب بہت ہوگیا، رشتے کو ختم کرتے ہیں، یہ میسج کرکے وہ سوگیا۔

 جینیلیا ڈی سوزا نے کہا کہ رتیش ان دنوں دیر سے سویا کرتا تھا جب کہ میں جلدی سوجاتی تھی لیکن اس رات اس نے مجھے یہ میسج ایک بجے کے قریب بھیجا اور میسج کرکے سوگیا، میں نے میسج رات 2:30 بجے پڑھا جس کے بعد میں ڈپریشن میں مبتلا ہوگئی۔

اداکارہ نے کہا کہ میں کئی گھنٹوں تک سوچتی رہی کہ ایسا کیا ہوگیا یا میں نے کیا غلطی کردی؟ ساری رات میری پریشانی میں گزری، رتیش صبح 9 بج کر 30 منٹ پر اٹھا اور دلچسپ بات یہ کہ اسے رات کیا گیا میسج یاد ہی نہیں تھا، اس نے اٹھتے ہی مجھے فون کیا تو میں نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ ہمیں بات کرنی چاہیے، میں تم سے بات نہیں کرنا چاہتی۔

انہوں نے کہا کہ رتیش نے یہ سنتے ہی کہا کہ کیوں کیا ہوا؟ ایسا کیا ہوگیا؟ جس پر میں نے کہا کہ تم ایسے برتاؤ کیوں کررہے ہو جیسے کچھ ہوا ہی نہیں؟ جب رتیش کو میسج کے بارے میں یاد کروایا تو اس نے وضاحت پیش کی کہ وہ تو صرف مذاق اور ایک پرینک تھا۔

اداکارہ جینیلیا نے کہا کہ میں نے رتیش پر شدید غصہ کیا کہ ایسا مذاق کون کرتا ہے؟