لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مختلف محکموں کی ملکیتی اراضی کا ریکارڈ طلب کر لیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں پہلی سہ ماہی کے ریونیو اہداف وصولی کا جائزہ لیا گیا۔
مریم نواز نے ریونیو ٹارگٹ پورے کرنے والے ڈیپارٹمنٹس کو شاباش دی اور سرکاری اراضی کے بہترین استعمال کے لئے پلان مرتب کرنے کی ہدایت کردی۔
اجلاس میں پنجاب ریونیو اتھارٹی کی صوبے کے مختلف اضلاع تک توسیع کی منظوری بھی دے دی گئی جبکہ پنجاب ریونیو اتھارٹی کے امور میں اے ڈی سی ڈی اور اسسٹنٹ کمشنرز کو بااختیار کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبے کے مالی وسائل بڑھانے کے لئے پلاننگ کرنے اور صوبہ بھر میں ریسٹورنٹس، بیکریاں اور میرج ہالز کا مستند ڈیٹا مرتب کرنے کی بھی ہدایت دے دی۔
دوران اجلاس مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام پر ٹیکس بڑھائے بغیر ریونیو کی وصولی میں اضافہ کیا جائے گا، جو بھی سرکاری خزانے میں جمع ہوگا پائی پائی عوام پر خرچ ہوگی۔
وزیراعلیٰ نے پنجاب ریونیو اتھارٹی لیگل فریم ورک کی تشکیل کا ٹائم لائن مقرر کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے لئے بہت کچھ کرنا چاہتی ہوں مگر مالی وسائل بہت زیادہ نہیں ہیں، ریونیو وصولی کے ٹارگٹ ہر صورت پورے کیے جائیں۔
واضح رہے کہ اجلاس میں سینیٹر پرویز رشید، سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی زاہد بخاری، وزیر فنانس مجبتی شجاع الرحمن، ایم پی اے ثانیہ عاشق، پرنسپل سیکریٹری، چیف سیکریٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکریٹریزایریگیشن، فنانس، مائن اینڈ منرل،ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹیکس کنٹرول اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔



















