وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اساتذہ کی محنت سے ہی قوم کا مستقبل شاندار بنتا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یوم اساتذہ پر اپنے جاری کردہ ایک پیغام میں کہا کہ دنیا بھر میں ہر سال 5 اکتوبر کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے یوم اساتذہ منایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے تمام اساتذہ کرام کا مشکور ہوں جن کی بدولت میں آج اس مقام پر ہوں، آج میں اپنی سیاسی ٹیچر شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو جمہوریت کیلئے قربانی دینے پر سرخ سلام پیش کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ کی محنت سے ہی قوم کا مستقبل شاندار بنتا ہے، سماج کو بہتر، مؤثر اور مستحکم تعمیر میں اساتذہ کا اہم ترین کردار ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ والدین کے بعد اساتذہ ہی بچوں کی بہترین پرورش کرتے ہیں، اساتذہ اخلاقی، فکری اور سماجی ترقی کے معمار ہیں، اساتذہ کی صلاحیت بڑھانے اور تعلیم کو فروغ دینا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت اساتذہ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔



















