اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ دشمن کے ناپاک عزائم پاک چین دوستی کو سبوتاژ نہیں کر سکتے۔
سردار ایاز صادق نے کراچی میں چینی شہریوں کو لے جانے والی گاڑی کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے دھماکے کے نتیجے میں دو چینی شہریوں کے جانی نقصان اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں چینی شہریوں کے جانی نقصان پر دلی دکھ اور افسوس ہوا، دشمن کے ناپاک عزائم پاک چین دوستی کو سبوتاژ نہیں کر سکتے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند ہے، دشمن ملک میں بد امنی پھیلانے کی گھناؤنی شازش میں مصروف ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے میں ملوث شر پسند عناصر کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لائے، دہشت گردوں کی مضموم کارروائیاں پاک چائنہ دوستی کو غیر متذل نہیں کر سکتی۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی۔
سردار ایاز صادق کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پارلیمان اور عوام اس دکھ کی گھڑی سوگوار خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی میں رات گئے انٹرنیشنل ایئر پورٹ سگنل کے قریب آئی ای ڈی دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 2 غیر ملکی سمیت 3 افراد ہلاک اور 17 افراد زخمی ہوگئے جبکہ دھماکے سے متعدد گاڑیاں بھی جل کر تباہ ہوگئیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کی کراچی میں ایئرپورٹ کے قریب دہشتگرد حملے کی شدید مذمت



















