اسلام آباد میں احتجاج کی آڑ میں شر پسندی کرنے والے گرفتار بلوائیوں کے ہوش ربا بیانات منظر عام پر آگئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پر امن احتجاج کا لبادہ اوڑھے شر پسند بلوائیوں نے ریاست کیخلاف بدامنی پھیلانے میں تمام حدود پار کر دیں۔
فساد پھیلانے والے متعدد گرفتار شر پسندوں نے انتشار پھیلانے کے منصوبے سے متعلق ہولناک انکشافات کر دیے ہیں۔
ایک شر پسند کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور نے اعلان کیا کہ آپ نے آنا ہے اور ہمیں آگ لگانے کیلئے پیٹرول فراہم کیا۔
سلیم نامی شر پسند نے انکشاف کیا کہ میں سوات کا رہائشی ہوں میرے دوستوں کے پاس پیٹرول تھا، مجھے دوستوں نے کہا کہ اسلام آباد جانا ہے، یہ ہمارا ملک ہے ہمیں ایسا غلط قدم نہیں اٹھانا چاہیے تھا۔
کاشف نامی شر پسند کا کہنا ہے کہ میرا نام کاشف ہے میں کوہاٹ کا رہائشی ہوں، میرے پاس پی ٹی آئی کا رہنما آیا تھا اور ڈی چوک اسلام آباد پہنچنے کا کہا، اس نے یہ بھی بتایا کہ اسلام آباد میں ہمیں پیٹرول بم مل جائیں گے۔
شر پسند کاشف کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ بھی کہا کہ ڈی چوک کے سامنے ہر چیز کو آگ لگادو چاہے وہ پولیس والے ہی کیوں نہ ہوں۔
یاد رہے کہ نام نہاد احتجاج کی آڑ میں شرپسندی کی سازش کے تمام تانے بانے جوڑے جا رہے ہیں اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔



















