Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

احسن اقبال کا ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے اصلاحات پر زور

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے امن، استحکام، پالیسیوں کا تسلسل اور اصلاحات کا عزم بہت ضروری ہے۔

احسن اقبال نے تعلیمی نظام کی مضبوطی پر بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن، استحکام، پالیسیوں کا تسلسل اور مسلسل اصلاحات سے ملک ترقی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2013 میں ویژن 2025 بنایا، لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا اور دہشتگردی کو ختم کیا، ویژن مطابق ملک میں ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 2018 میں ایک ایسے شخص کو ملک پر مسلط کیا گیا جس نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا، تمام جاری ترقیاتی منصوبوں میں روکاوٹیں پیدا کیں۔

انکا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے پالیسیوں کے تسلسل اور اصلاحات کر کے ملکی معیشت کو بحال کیا، امن اور استحکام سے ملک ترقی کرتا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ تعلیم کا شعبہ ہمارے لئے بہت اہم ہے، تعلیم ترقی کی بنیاد ہے، کسی بھی ملک کی ترقی میں تعلیم کا شعبہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، ویژن 2025 میں اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں ٹیچر ٹریننگ سینٹر قائم کرنے جا رہے ہیں، 75 ارب روپے کا فنڈ تعلیم کے شعبے کے لئے رکھا ہے، اس فنڈ سے کوئی بھی بچہ اسکول سے باہر نہیں رہے گا، پسماندہ علاقوں میں تعلیم کو یقینی بنایا۔

متعلقہ خبریں