Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مالی سال 2024 میں ڈیجیٹل ادائیگیوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ

کراچی: مالی سال 2024 کے دوران ڈیجیٹل ادائیگیوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک نے مالی سال 2024 کا سالانہ نظامِ ادائیگی کا جائزہ جاری کردیا ہے جس کے مطابق ڈیجیٹل ادائیگیوں میں نمایاں اضافہ ہوا جس کے سبب ادائیگی کے ڈیجیٹل ذرائع کی بڑھتی ہوئی دستیابی اور ان کو اپنایا جانا ہے۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں میں اضافے سے صارفین کے ان سسٹمز پر بڑھتے ہوئے انحصار کی عکاسی ہوتی ہے، حجم کے لحاظ سے ڈیجیٹل ادائیگیوں کا حصہ مالی سال 2023 کے 76 فیصد سے بڑھ کر مالی سال 2024 میں 84 فیصد ہوگیا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق خردہ ادائیگیوں میں تقریباً 35 فیصد اضافہ ہوا، ٹرانزیکشنز کی تعداد 6.4 ارب اور ان کی مالیت 403 ٹریلین سے بڑھ کر 547 ٹریلین روپے ہوگئی۔ اس توسیع کو صارفین کی بڑھتی تعداد، موبائل بینکاری ایپس، انٹرنیٹ بینکاری پورٹلز اور موبائل والٹس جیسی مصنوعات سے تقویت ملی۔

اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ مالی سال 2024 کے دوران ای والٹس استعمال کرنے والوں کی تعداد میں  85 فیصد سالانہ  کا متاثرکن اضافہ ہوا، موبائل بینکاری ایپ استعمال کرنے والوں کی تعداد میں 16 فیصد اور انٹرنیٹ بینکاری صارفین کی تعداد میں 25 فیصد اضافہ ہوا۔

اسٹیٹ بینک نے مزید بتایا کہ موبائل ایپس اور انٹرنیٹ بینکاری پورٹلز کی بدولت ٹرانزیکشنز میں 62 فیصد اضافہ ہوا جن کی مالیت 74 فیصد اضافے سے 70 ٹریلین روپے ہوگئی جب کہ صارفین نے برانچ لیس بینکاری موبائل ایپ والٹس کے ذریعے 2697 ملین اور ای ایم آئی کے ای والٹ کے ذریعے 85 ملین ادائیگیاں کیں۔

انہوں نے کہا کہ پی او ایس مشینوں کی تعداد 8.9 فیصد بڑھ کر 125،593 ہوگئی، ایسی دکانوں اور اسٹورز کی تعداد بھی بڑھیں جہاں کارڈ کی سہولت موجود ہے، ای کامرس کی 87 فیصد ادائیگیاں اب بینک اکاؤنٹس یا ڈیجیٹل والٹ سے ہورہی ہیں۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر 309 ملین ادائیگیاں ہوئیں جن کی مالیت 406 ارب روپے رہی، یہ رپورٹ پاکستان کے ادائیگی کے انفراسٹرکچر کی لچک اور مضبوطی اجاگر کرتی ہے جو  اسے خطے میں ڈیجیٹل مالی خدمات کا سرفہرست  ملک بناتا ہے۔

اسٹیٹ بینک نے مزید کہا کہ بین الاقوامی ادائیگی کے منظر نامے میں ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے اسٹیٹ بینک بھی پاکستان میں ڈیجیٹل مالی ایکو سسٹم کو مزید جدید اور مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

متعلقہ خبریں