بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے معروف اداکار ہریتھک روشن نے کہا ہے کہ ایک بار سینئر اداکارہ ریکھا جی نے میرے گال پر زور کا تھپڑ مارا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں معروف اداکار ہریتھک روشن نے بتایا کہ فلم ’’کوئی مل گیا‘‘ میں ریکھا جی نے میری ماں کا کردار ادا کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جب وہ فلم کے ایک سین کی شوٹنگ کے لیے سیٹ پر پہنچے تو انہیں علم ہوا کہ انہوں نے غلطی سے دوسرے سین کی تیاری کرلی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس دن ہمیں لازماً وہ سین فلمانا تھا، جس میں میری ماں (ریکھا) میرا گال پیار سے تھپتھپاتی ہیں اور میں روتے ہوئے کہتا ہوں کہ میں دوسرے لوگوں کی طرح نارمل کیوں نہیں ہوں۔
ہریتھک روشن نے کہا کہ یہ ایک مشکل سین تھا اور جب مجھے معلوم ہوا کہ اس سین کی شوٹنگ اسی دن ہے تو میں پریشان ہوگیا۔
اداکار نے بتایا کہ میں 45 منٹ تک اپنی گاڑی میں بیٹھ کر یہ سوچتا رہا کہ مجھے کیا کرنا چاہیے، اس فلم کے ڈائریکٹر میرے والد تھے اور مجھے بخوبی علم تھا کہ وہ کسی بھی صورت شوٹنگ ملتوی نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں خود کو ذہنی طور پر تیار کرنے کے بعد سین کی شوٹنگ کے لیے سیٹ پر پہنچا، سین فلمانے سے پہلے ریکھا جی آئیں اور انہوں نے مجھ سے کہا کہ سین میں حقیقت کا رنگ بھرنے کے لیے وہ مجھے گالوں پر تھپڑ ماریں گی اور میں اس کے لیے خود کو پہلے سے تیار کرلوں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے اسے مذاق سمجھ کر ریکھا جی کی بات کو زیادہ سنجیدگی سے نہیں لیا لیکن سین شروع ہوتے ہی ریکھا جی نے میرے گال پر زور کا تھپڑ مارا تو میں دنگ رہ گیا، میں اس منظر میں واقعی رو رہا تھا۔




















