لاہور: بلاول بھٹو اور نواز شریف کے درمیان ملاقات کے بعد ن لیگ کی صفوں میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے نواز شریف سے ملاقات میں ن لیگ کے اراکین پارلیمنٹ کی طرف سے پی ٹی آئی کے سے رابطوں کا انکشاف کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو نے پی ٹی آئی کے ساتھ رابطوں میں ن لیگ کے پانچ اراکین سینٹ و قومی اسمبلی کی نشاندہی کردی، بلاول بھٹو نے آئینی ترمیم کے موقع پر ن لیگ کے پانچ اراکین کے مسنگ ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف نے بلاول بھٹو کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے اراکین پورے اور پارٹی کاز کے ساتھ مخلص ہیں آپ پریشان نہ ہوں۔
ذرائع نے کہا کہ ن لیگ کے تین سینیٹرز بیرون ملک ہیں جو بلانے کے باوجود بھی ملک واپس نہیں آرہے ہیں جب کہ ن لیگ کے بعض ناراض اراکین قومی اسمبلی پارٹی قیادت کے ساتھ رابطوں سے آؤٹ ہیں۔
یاد رہے کہ حکمران اتحاد نے اپنے تمام اراکین سینیٹ و قومی اسمبلی کو 15 اکتوبر تک اسلام آباد پہنچنے کی ڈیڈ لائن دے رکھی ہے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ بلاول بھٹو کی نشاندہی پر نواز شریف نے ان کے تحفظات دور کرنے کی مزید یقین دہانی بھی کرا دی ہے جب کہ بلاول بھٹو نے نواز شریف کو اپنے اراکین پر کڑی نظر رکھنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی حمایت حاصل ہونے کے باوجود حکمران اتحاد کو تین ایم این ایز اور پانچ سینیٹرز کی ضرورت ہے، پی ٹی آئی کے بندے توڑتے توڑتے حکمران اتحاد کے نیچے سے اپنے ہی ارکان اسمبلی کھسکنے لگے ہیں۔



















