وزیر اعظم شہباز شریف نے بیلاروس کو ایس سی او کا مکمل رکن بننے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس کی سائیڈ لائینز پر وزیر اعظم پاکستان سے بیلاروس کے وزیر اعظم نے ملاقات کی جس میں شہباز شریف نے ایس سی او کے اجلاس میں بیلاروس کی شرکت کا خیرمقدم کیا۔
ملاقات میں شنگھائی اسپرٹ کو فروغ دینے میں بیلاروس کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
دوران ملاقات وزیراعظم نے جولائی کے اوائل میں آستانہ میں صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے ساتھ نتیجہ خیز ملاقات کا ذکر کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں نے دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کو ایک مثبت رفتار فراہم کی ہے، اس رفتار کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔
ملاقات میں دو طرفہ تعلقات خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری، زرعی مشینری، مشترکہ طور پر ٹریکٹرز کی تیاری اور مواصلات کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
بیلاروس کے وزیراعظم نے ایس سی او سربراہ اجلاس کے کامیاب انعقاد اور اس کے مثبت نتائج پر پاکستان کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔
بیلاروس کے وزیراعظم نے پاکستان میں شاندار میزبانی پر وزیراعظم شہباز کا شکریہ ادا کیا۔
بیلاروسی وزیراعظم نے کہا کہ بیلاروس ایس سی او کے مقاصد، اصولوں اور ترجیحات کو فروغ دینے میں مکمل تعاون کرے گا، کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کی چیئر کی حیثیت سے پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔
بیلاروسی وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس کے علاوہ بیلاروسی وزیراعظم نے مشترکہ کوششوں کے ذریعے مفاد کے تمام شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔



















