پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینیئر اداکارہ اسما عباس کا کہنا ہے کہ شادی کے 18 سال بعد شوہر نے ڈراموں میں کام کرنے کی اجازت دی۔
حال ہی میں پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینیئر اداکارہ اسما عباس نے ایک انٹرویو میں کہا کہ پاکستان میں صرف لکس اور ہم ایوارڈز ہی ہوتے ہیں اور وہاں بھی بہت سارے لوگوں کو نظر انداز کردیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ انہیں کبھی ایوارڈ نہیں ملنا اور نہ ہی اب انہیں ایوارڈ کی ضرورت ہے، انہوں نے ’چپکے چپکے‘ نامی ڈرامے میں اچھا کردار ادا کیا اور مذکورہ ڈرامے کی پوری ٹیم کو ایوارڈ دیا گیا لیکن انہیں ایوارڈ تو دور کی بات نہیں، نامزد اور دعوت نامہ بھی نہیں دیا گیا۔
اسما عباس نے اپنی شادی اور کیریئر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے محض 23 سال کی عمر میں حاضر سروس فوجی کرنل سے شادی کی، شادی کے بعد شوہر نے انہیں شوبز میں کام کرنے سے روک دیا، انہیں شوبز انڈسٹری اچھی نہیں لگتی تھی۔
اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے شادی کے 18 سال تک کوئی کام نہیں کیا، بعدازاں ان کے شوہر کو شوبز انڈسٹری کی سمجھ آگئی، جس کے بعد انہوں نے شادی کے 18 سال بعد انہیں ڈراموں میں کام کرنے کی اجازت دی۔




















